سپرٹیکس ختم کرنے،تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز

وزیر اعظم شہبازشریف نے سپرٹیکس ختم کرنے اور تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس کی شرح میں 5 فیصدکمی کی تجویزکی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس میں کمی کی حتمی منظوری کیلئےحکومت آئندہ ہفتے آئی ایم ایف سے مشاورت کرے گی، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں ان تجاویزکاجائزہ لیاگیا،جو آئی ایم ایف کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ٹیکس حکام کو ہدایت دی کہ وہ نجی شعبے کے ماہرین سے مزیدمشاورت کے بعد تجاویز کوحتمی شکل دیں۔
ذرائع کاکہناہے کہ حکومت امیر افراداورکارپوریٹ سیکٹر پر عائدسپر ٹیکس ختم کرنے پرغورکررہی ہے۔
اس کے علاوہ تنخواہ دارطبقے کے اعلیٰ آمدنی والے افراد کیلیے زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس کی شرح 5 فیصد کم کرکے 30 فیصد کرنے اور اس سلیب کی حد بھی بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے،حکومت ابتدا میں تقریباً 1.5سے 1.8کھرب روپے تک ٹیکسوں میں کمی چاہتی تھی۔
تاہم ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے بڑی رعایت ملنے کاامکان کم ہے،خصوصاً جب ایف بی آر محصولات کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کاسامناہے۔
