احتجاج کا خدشہ :کراچی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات، اہم شاہراہیں بند

امریکا اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں شہرِ قائد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور متعدد اہم شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والا پل کنٹینرز رکھ کر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایم ٹی خان روڈ پر سلطان آباد کے مقام پر بھی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس جانے والا راستہ بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، اجتماع پر پابندی عائد
پولیس کا کہنا ہے کہ ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کولاچی روڈ ریلوے پھاٹک تک ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں شارعِ فیصل پر ایف ٹی سی سے جناح اسپتال موڑ تک جانے والا ٹریک بھی بند ہے۔
ایران پر امریکی حملوں کیخلاف پاکستان میں مظاہروں کے دوران 8 افراد جاں بحق
حکام کے مطابق ایف ٹی سی کے قریب شارعِ فیصل کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایف ٹی سی سے میٹروپول ہوٹل جانے والی سڑک بھی رکاوٹیں لگا کر سیل کر دی گئی ہے۔ ایف ٹی سی کی جانب آنے والی گاڑیوں کو گورا قبرستان سے یوٹرن لے کر صدر کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔
متعدد شاہراہوں کی بندش کے باعث شہریوں، خصوصاً دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مختلف مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
