ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کیخلاف پاکستان سمیت مختلف ممالک میں مظاہرے

امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کیخلاف پاکستان سمیت مختلف ممالک میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

ایران کے تاریخی شہر اصفہان میں ہزاروں افراد ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوگئے۔

ایران کے سرکاری انگریزی چینل پریس ٹی وی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ شہر کے معروف نقش جہان اسکوائر میں موجود ہیں اور نعرے بازی کر رہے ہیں۔

حکومت نے اتوار کے روز تصدیق کی کہ ہفتے کو تہران میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد علی خامنہ ای انتقال کر گئے۔ اس اعلان کے بعد ملک بھر میں سوگ کی فضا پائی جا رہی ہے جبکہ مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب لبنانی دارالحکومت بیروت میں امریکی سفارت خانے کے اطراف غیر معمولی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایران پر امریکی حملوں کیخلاف پاکستان میں مظاہروں کے دوران 8 افراد جاں بحق

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سفارت خانے کی جانب تیزی سے بڑھتے ٹرک دیکھے گئے جبکہ کچھ دیر بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ تاہم واقعے کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

ادھر عراق کے دارالحکومت بغدار میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرے شروع ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے قتل کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور گرین زون کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے نعرے بازی کی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات بھی ملیں۔

 

Back to top button