پی ایس ایل 10 : افتتاحی تقریب آج راولپنڈی میں ہوگی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا میلہ سجنے کو تیار ہے جس کی افتتاحی تقریب آج راولپنڈی میں ہوگی، افتتاحی میچ آج لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سیزن 10 کی افتتاحی تقریب کا آغاز شام 7 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جس میں معروف گلوکار پرفارمنس کا جادو جگائیں گے۔
سیزن کے پہلےمیچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پی ایس ایل روٹس پر ٹریفک جزوی طور پر معطل رہےگا اور 300 سے زائد اہلکار ٹریفک کو رواں رکھنے کےلیے تعینات ہوں گے۔
مری روڈ سے سرینا اور فیض آباد آمدورفت بند رہےگی،ایکسپریس وے،مری روڈ، فیصل ایونیو اور سری نگر ہائی وے پر سکیورٹی انتظامات سخت ہیں جب کہ بلیو ایریا جانے والوں کےلیے ایچ ایٹ انڈرپاس کا استعمال ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو سیکٹر آئی اور ایچ کیےلیے آئی جے پی روڈ سے سروس روڈ اختیار کرنےکا مشورہ دیا ہے،اس کے علاوہ بری امام جانے والے نادرا چوک استعمال کرنے سکتے ہیں۔
پی ایس ایل 10 میں کرکٹ کی دنیا کے کئی بڑےنام کمنٹری میں نظر آئیں گے جن میں انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک اور ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس کےنام قابل ذکر ہیں۔
پی ایس ایل10 میں شائقین کی دلچسپی کےلیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں پہلی مرتبہ ہر میچ میں مکمل اردو کمنٹری،میچوں کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے انعامات اور نئی جدت کےساتھ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی کا متعارف کرایا جانا شامل ہے۔
ناظرین اس پی ایس ایل میں 32 کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کےساتھ کوریج کے اعلیٰ معیار سے لطف اندوز ہو سکیں گے اور یہ ایونٹ مختلف چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔
ایونٹ کےافتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹکرائیں گے،دونوں ٹیموں کے درمیان میچ رات ساڑھے 8 بجے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس حوالے سے کہا ہےکہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے،ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان کو نیا ٹیلنٹ کیسے دینا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ واحد ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل 3 مرتبہ (2016۔ 2018۔ 2024) میں جیتی ہے ج بکہ لاہور قلندرز نے 2 مرتبہ (2022۔ 2023) میں ٹائٹل اپنےنام کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کریں گے جب کہ لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترےگی،دونوں ٹیموں کو تجربہ کار ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے اب تک پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 100 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 55 جیتے ہیں اور 44 میں اسے شکست ہوئی ہے جب کہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔
اسی طرح لاہور قلندرز نے 94 میں سے 40 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہےجب کہ 51 میں اسے شکست ہوئی ہےاور 3 میچز ٹائی ہوئے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مہنگی ترین فرنچائز ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان لیگ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ہیں۔
محمد رضوان کی جیت کا تناسب .6666 فیصد ہے (جو پی ایس ایل کے کسی بھی کپتان سے زیادہ ہے)، انہوں نے 42 میں 29 میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔
رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے 2021 میں ٹائٹل اپنے نام کیاتھا بعد ازاں 2022، 2023 اور 2024 میں رنر اپ ٹیم بن کر ابھری تھی۔
شاداب خان کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2024 میں ٹائٹل اپنے نام کیاتھا جنہوں نے 55 میچز میں ٹیم کی قیادت کےفرائض نبھائے ہیں۔
پی ایس ایل میں شریک ٹاپ 3 کپتانوں کے وننگ تناسب
- شاداب خان (اسلام آباد یونائیٹڈ) 62.3 فیصد
- سرفراز احمد (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) 58.1 فیصد
- بابر اعظم (پشاور زلمی) 54.7 فیصد
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈائریکٹر سرفراز احمد نے کہا ہےکہ اگر موقع ملا تو دوبارہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایکشن میں نظر آسکتا ہوں۔
کرکٹ پاکستان کو دیئےگئے خصوصی انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق کپتان و کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈائریکٹر سرفراز احمد نے کہا ہےکہ گزشتہ سال بھی ہماری کارکردگی بہتر رہی تھی، ہم پلے آف کے لیے کوالیفائی کرگئے لیکن آگے نہ جاسکے،اس سیزن میں ٹیم زیادہ مضبوط ہے اور اب فائر پاور بھی ہمارے پاس ہے۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ میری رائے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملکی اور غیر ملکی تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے، امید ہے کہ ٹیم اس بار پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھائے گی، البتہ میں سمجھتا ہوں کہ اس بار ہماری فیلڈنگ بہترین ہوگی کیونکہ فہیم اشرف اور وسیم جونیئر، سعود شکیل، خواجہ نافع اور حسن نواز بہت اچھے فیلڈرز ہیں۔
