پی ایس ایل 11، اسلام آباد یونائیٹڈ نےراولپنڈیز کوشکست دیدی

پی ایس ایل 11 کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دی اور ہدف 34 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

راولپنڈیز کی جانب سے کامران غلام 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ڈیان فورسٹر نے آخر میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 44 رنز اسکور کیے۔ دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن، فہیم اشرف اور سلمان ارشاد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارحانہ آغاز کیا اور صرف 14.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ حیدر علی 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مارک چیپمین نے صرف 7 گیندوں پر 24 رنز بنا کر فتح یقینی بنائی۔

راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر، جلات خان اور رشاد حسین ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

Back to top button