پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز پر سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام عائد

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایک نئے تنازعے کا سامنا کر رہی ہے، جہاں ٹیم پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق ایک خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر سکندر رضا نے مبینہ طور پر سکیورٹی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے چار غیر مجاز افراد کو ہوٹل کے اُس فلور تک رسائی دی جہاں ٹیم مقیم تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ افراد ایک کھلاڑی کے کمرے میں تقریباً تین گھنٹے تک موجود رہے۔ اس سے قبل ٹیم کے لائژن افسر نے متعلقہ حکام سے اجازت لینے کی کوشش کی، مگر سیکیورٹی خدشات کی بنا پر درخواست مسترد کر دی گئی۔ بعد ازاں فرنچائز انتظامیہ کی جانب سے بھی اجازت لینے کی کوشش ناکام رہی۔
الزام ہے کہ انکار کے باوجود کھلاڑیوں نے سیکیورٹی عملے کی مزاحمت کے باوجود مہمانوں کو اندر لے جانے میں کامیابی حاصل کی، جس پر پولیس نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیکیورٹی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کراچی کنگز کے بالر حسن علی پر جرمانہ عائد
دوسری جانب ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملہ لیگ حکام کے ساتھ زیرِ غور ہے اور جلد اس حوالے سے وضاحت جاری کی جائے گی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں سکندر رضا نے مؤقف اختیار کیا کہ کپتان نے ازخود کوئی اقدام نہیں کیا بلکہ ان کی درخواست پر ان کے اہل خانہ کو ہوٹل میں داخل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل میں پانچویں سال شریک ہیں اور اس سے قبل کبھی ایسا مسئلہ پیش نہیں آیا، جبکہ نئے سیکیورٹی قواعد سے وہ اور شاہین آفریدی لاعلم تھے۔
