پی ایس ایل 11،کھلاڑیوں کی نیلامی 11فروری کوہوگی،بیس پرائس بھی مقرر

پی ایس ایل سیزن 11 کی پلیئر آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگی، جس میں کھلاڑیوں کی بیس پرائس اور بولی پاکستانی روپے میں لگائی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے پلیئر آکشن کے لیے کھلاڑیوں کی بیس پرائسز کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ پی ایس ایل الیون کے پلیئر آکشن سے متعلق تفصیلی ورکشاپ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق ٹاپ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، دوسری کیٹیگری کی بیس پرائس 2 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ تیسری کیٹیگری کی بیس پرائس 1 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اسی طرح چوتھی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بیس پرائس 60 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

ہر فرنچائز کے لیے کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ تشکیل دینا لازم ہوگا۔ سکواڈ میں 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی شامل کیے جا سکیں گے، جبکہ پلیئنگ الیون میں کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔

ہر ٹیم کے لیے 2 انڈر 23 ان کیپڈ کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کرنا ضروری ہوگا، جبکہ انڈر 23 کھلاڑی کی پلیئنگ الیون میں شمولیت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ آکشن کے ذریعے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو 2 سالہ معاہدہ دیا جائے گا۔

پی سی بی نے فرنچائزز کو ایک غیر ملکی کھلاڑی براہ راست سائن کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے، جس سے ٹیموں کو اپنے سکواڈ مزید مضبوط بنانے میں سہولت حاصل ہوگی۔

ورکشاپ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس میں گفتگو میں کہا کہ پلیئر آکشن ماڈل نہ صرف کھلاڑیوں کیلئے بہتر مالی مواقع فراہم کرے گا بلکہ لیگ کو زیادہ مسابقتی اور شفاف بھی بنائے گا۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے آکشن سسٹم کے لیگ پر مرتب ہونے والے مثبت اور دور رس اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے موجودہ مرحلے کو پی ایس ایل کا نیا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ آکشن سسٹم کھلاڑیوں کی بھرتی کے عمل کو جدید بناتا ہے، شفافیت اور برابری کو فروغ دیتا ہے اور لیگ کی مجموعی کشش میں اضافہ کرتا ہے۔

Back to top button