پی ایس ایل کے ایک سالہ بین الاقوامی میڈیا حقوق فروخت

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اپنے 11ویں سیزن کے بین الاقوامی میڈیا حقوق کی کامیاب فروخت کا اعلان کیا ہے جو لیگ کی عالمی توسیع میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 11 کے لیے ایک سالہ عالمی میڈیا حقوق (بھارت کے علاقے کے علاوہ) ولی ٹینکالوجی کو دیے گئے جو پی سی بی کے ریزرو پرائس سے سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی تھی۔
پچھلے سیزن کے مقابلے میں اس سودے کی قیمت میں 149 فیصد اضافہ ہوا ہے جو پی ایس ایل کے بڑھتے ہوئے برانڈ ویلیو اور عالمی رسائی کی عکاسی کرتا ہے اور لیگ کو دنیا کے نمایاں ٹی 20 ٹورنامنٹس میں شمار کرتا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی میڈیا حقوق کی فروخت کے نتیجے پر بہت خوش ہیں جس میں گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 149 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پی ایس ایل کے برانڈ، اس کے مقابلتی معیار اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے بڑھتے ہوئے رجحان کی مضبوط تصدیق ہے۔
سلمان نصیر کہتے ہیں کہ یہ معاہدہ لیگ کی طویل المدتی تجارتی ترقی پر ہمارا اعتماد مضبوط کرتا ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے ولی ٹیکنالوجیز کا شکریہ ادا کیا جس نے نئے دور میں بولی لگا کر ریکارڈ توڑ دیا۔
ولی ٹیکنالوجیز کے سی ای او محمد احسن طاہر کا کہنا ہے کہ یہ ہر پاکستانی کے لیے فتح ہے جو ’میڈ ان پاکستان‘ ٹیکنالوجی پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری پی ایس ایل کے سفر کی شروعات ہے اور بہت سے منصوبے ہیں جن کا شائقین بے صبری سے انتظار کریں گے۔
سنہ2016 میں آغاز کے بعد سے پی ایس ایل نے میڈیا حقوق، سپانسرشپس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں مسلسل تجارتی ترقی دکھائی ہے جس سے یہ پاکستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے برانڈز میں شامل اور عالمی ٹی 20 منظرنامے کا ایک اہم حصہ بن گئی ہے۔
پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ عالمی براڈکاسٹ کو مزید بہتر بنانے اور لیگ کی رسائی بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ دنیا بھر کے شائقین پی ایس ایل سے بے مثال انداز میں لطف اندوز ہوتے رہیں۔
