PTIلانگ مارچ کے کنٹینر کے نیچے آکر خاتون رپورٹر جاں بحق

تحریک انصاف کے لانگ کے کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر جاں بحق ہوگئی،تاہم عمران خان نے حادثے کے سبب لانگ مارچ روک دیا۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ تیسرے روز بھی جاری رہا ، جس میں آج ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا ،جہاں کامونکی جاتے ہوئے راستے میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر چینل فائیو کی خاتون رپورٹر صدف نعیم جاں بحق ہوگئی۔
حادثے کے بعد عمران خان کا کنیٹنر جی ٹی روڈ پر روک دیا گیا اور حادثےکےبعد عمران خان خود بھی کنیٹنرسےنیچے اترآئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق خاتون رپورٹر ایک کنٹینر سے اترتے ہوئے نیچے گری اور عمران خان کے کنٹینرکےنیچے آگئی۔
حادثے کے بعد عمران خان نے مارچ روک دیا اور خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے اور ہمیں کامونکی جانا تھا لیکن حادثے کی وجہ سے مارچ روکنا پڑا ہے، کل کامونکی سے دوبارہ مارچ شروع ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پی ٹی آئی کے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ چیئرمین عمران خان کی خاتون صحافی کے ساتھ حادثے پر اظہار تعزیت اور آج کے دن کے لیے لانگ مارچ کو فوری طور پر روک دیا گیا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ایک حادثے کی وجہ سے ہمیں مارچ ملتوی کرنا پڑا ہے، یہ جو ٹریجڈی ہوئی ہے، ہم ان کی فیملی کے لیے اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ ان کو حوصلہ دے اور طاقت دے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے نجی ٹٰ وی کی رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے، کم ہے۔
وزیراعظم نے کہااہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ڈیوٹی کے دوران ایک ٹی وی رپورٹر صدف کی قیمتی جان کے ضیاع کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، میری دعائیں مرحومہ کے خاندان کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ آمین!
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ صحافی کی زندگی پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، افسوسناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، خاتون صحافیوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہیئں تھے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔
سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے رپورٹر صدف نعیم کی پی ٹی آئی کے کینٹر سے گر کر ناگہانی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ صدف نعیم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ انکےکے درجات کوبُلند کرے
دوسری جانب وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے جاں بحق خاتون صحافی صدر نعیم کے اہل خان کیلئے 50،50 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے.
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحومہ خاتون رپورٹر کے اہل خانہ کیلئے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا اور متعلقہ حکام کو کارروائی مکمل کرکے چیک اہل خانہ کو دینے کی ہدایت کی.
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صحافی مرحومہ صدف کی فیملی کے لئے 50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مرحومہ صدف کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی، عمران خان کی ہدایت پر امداد 25 سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کررہے ہیں، حادثے میں صدف کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے، المناک واقعہ پر ہر دل دکھی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پروفیشنل، محنتی اور قابل صحافی تھیں،چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے
