پی ٹی آئی کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا جو اتوار کو لاہور میں بلائی جائے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، تیمور سلیم جھگڑا اور اخونزادہ حسین یوسف زئی نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام پاکستانی اور غریب کاشت کار شدید متاثر ہوتا ہے، حکومت نے غیر ضروری طور پر شدید اضافہ کیا، 96 ممالک میں پیٹرولیم نرخوں میں اضافہ ہوا لیکن دنیا میں ویتنام کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ہم نے نائجیریا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، حکومت آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے میں ناکام ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مینجمنٹ نہیں کرسکی، حکومت کی پلاننگ میں فقدان تھا شاہ خرچیوں کی وجہ سے پیٹرولیم لیوی کو کم نہیں کیا جارہا، حکومت نے عوام کے ساتھ دھوکا کیا ہے، کے پی میں چودہ لاکھ بائیک ہیں اور ملک بھر میں ٹو پوائنٹ فائیو ملین سے زیادہ بائیکس ہیں، حکومت نے کرپشن کا ایک نیا دروازہ کھولا ہے، ہم عالمی دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ اس جنگ کو روکا جائے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ یہ سمجھ نہیں آتی جب پیٹرول کی قیمت کم ہوتی ہے تو وزیراعظم خود عوام کو بتاتے ہیں اور جب بڑھتی ہے تو وزرا کو آگے کر دیتے ہیں، ایک دن میں پیٹرول کی قیمت 137 روپے بڑھی ہے، مارچ اپریل 2022ء میں پیٹرول کی قیمت 139 روپے تھی اور آج ایک دن میں اتنی قیمت بڑھی ہے، اب وہ والے ڈائیلاگز چاہئیں جو یہ لوگ ہمارے دور میں بولتے تھے۔

 

Back to top button