PTI کا "آزاد بارود خانہ” نئی اسمبلی کا دھماکہ کر دے گا؟

اگر پارلیمان کے اندر موجود تحریک انصاف کے ’’آزاد‘‘ ارکان کسی بھی نام تلے، عمران خان کے فلسفۂِ سیاست کے تحت ’’بارُود خانہ‘‘ بنے رہتے ہیں تو جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والی جماعتوں کو نظام کے تسلسل اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بہرطور ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا پڑے گا۔ تحریک انصاف کے آزاد ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں سے کوئی بھی اپنے زور بازو پر حکومت نہیں بناسکتا۔ بیرسٹر گوہر اعلان کرچکے ہیں کہ وہ کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔ اگر مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی بھی ہاتھ نہیں ملاتیں تو ایوان اپنا قائد چننے میں ناکام رہے گا اور اسمبلی ٹوٹ جائے گی۔ پھر کیا ہوگا ؟ ’’بارودخانہ‘‘ کیلئے نہ سہی، روایتی جمہوری سیاسی جماعتوں کیلئے یہ سوال نہایت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ نون کے سینیٹر اور سینئر سیاسی تجزیہ کار عرفان صدیقی نے اپنے ایک کالم میں کیا ھے۔ وہ لکھتے ہیں کہ خدا کاشکر ہے کہ الیکشن کی ایک بڑی جمہوری مشق مکمل ہوگئی۔2018 نسبت اب کے انتخابی ماحول خاصا کھُلا اور آزادانہ تھا۔ نتائج میں ناروا تاخیر کاکوئی معقول جواز ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ اس کا قابلِ قبول جواز الیکشن کمیشن پر واجب ہے۔ اہل فارس کا محاورہ نما قول ہے کہ ’’سورج طلوع ہونے کی دلیل، سورج خود ہی ہوتا ہے۔‘‘ انتخابی نتائج خود گواہی دے رہے ہیں کہ 2018والا آسیب حرکت میں نہیں آیا۔ لگ بھگ تمام مبصرین یہی کہہ رہے تھے کہ نتائج کا انحصار پی۔ٹی۔آئی کے ووٹرز پر ہے۔ اگر وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل آئے تو نتائج حیران کن بھی ہوسکتے ہیں۔ یہ پیش بینی درست ثابت ہوئی۔ پی۔ٹی۔آئی ووٹرز جوش وجذبہ کے ساتھ متحرک ہوئے اور نتائج نے تمام مبصرین کو چونکا دیا۔ کیا یہ عمران خان سے ہمدردی کی لہر تھی یا کچھ اور؟ بلاشبہ عمران خان سزا یافتہ قیدی کے طورپر جیل میں ہیں اور نااہل بھی۔ وہ نہ انتخابی مہم چلاسکے نہ انتخابات میں حصہ لے سکے۔ 2018ءمیں نوازشریف بھی سزایافتہ قیدی کے طورپر جیل میں تھے اور نااہل بھی۔ وہ بھی نہ انتخابی مہم چلاسکے نہ انتخابات میں حصہ لے سکے۔ یہی حال مریم نوازکا تھا۔ ہمدردی کی لہر اُس وقت بھی تھی۔ فرق صرف یہ ہے کہ تب ہر سطح کی انتخابی انتظام کاری، ’’دوسالہ محنت‘‘ کے تحفظ اور انتخابی نتائج کی طنابیں، قمر جاوید باجوہ، فیض حمید اور آصف غفور جیسے جری حکمت کاروں کے ہاتھوں میں تھیں جو ایک جماعت کو نمونۂِ عبرت بنانے اور ایک جماعت کو ہر قیمت پر اقتدار میں لانے کا حلف اٹھاچکے تھے۔
عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ اپنے اہداف کے لئے برہنگی کی حد تک تہذیب وشائستگی کی حدیں پھلانگ جانے میں اُن لوگوں کو کچھ ندامت نہ تھی۔ سو سرِ شام جونہی نتائج سرکشی کرتے دکھائی دیے، انہوں نے آر۔ٹی۔ایس کی مُشکیں کسیں، من چاہے نتائج مرتب کئے اور باضابطہ طورپر یہ ٹویٹ کرکے سوگئے کہ ’’اللہ جسے چاہے عزت سے نواز دے اور جسے چاہے ذلت دے۔‘‘ اگر آج چھ برس قبل کے ’’جری سپوتوں‘‘ کی جگہ عاصم منیر، ندیم انجم اور فیصل نصیر نہ بیٹھے ہوتے یا اُن کا طرز عمل بھی 2018کے کرداروں کی طرح حیا باختہ ہوتا تو پی۔ٹی۔آئی کے حمایت یافتہ آزادوں کے ٹھٹھ کے ٹھٹھ نہ لگے ہوتے۔اور یہ وہی عاصم منیر ہے جس کا راستہ روکنے کیلئے عمران خان نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ تقرری سے دو دِن قبل راولپنڈی پر یلغار کی، بات نہ بنی تو اس کا تختہ الٹنے کیلئے 9مئی کو ایک بڑا حملہ کرکے فوج کو بغاوت پر اُکسانے کی سازش کی۔ اگر آج عمران خان کی مخالف پارٹیوں کو کوئی باجوہ، کوئی فیض حمید، کوئی آصف غفور میسر آجاتا، تو منظرنامہ کیا ہوتا؟
عرفان صدیقی کے مطابق کا الیکشن کا مرحلہ تو تمام ہوا لیکن کیا اس کے نتیجے میں پاکستان دیرپا سیاسی استحکام سے ہم کنار ہوپائے گا؟ اس سوال کا جواب ملنے میں کچھ وقت لگے گا۔ پاکستان کو درپیش انتہائی گھمبیر مسائل، سنگین چیلنجوں کی شکل میں منہ پھاڑے کھڑے ہیں۔ سب سے بڑا بحران زبوں حال معیشت کو سنبھالا دینا ہے جس سے عام آدمی کے لاتعداد مسائل جڑے ہیں۔ ان مسائل کا حل سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور کامل یکسُوئی مانگتا ہے۔ اس کیلئے شرطِ اوّل یہ ہے کہ پارلیمنٹ میں راہ پانے والی جماعتیں اپنے اپنے سیاسی مفادات سے تھوڑا اوپر اٹھیں اور اجتماعی قومی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں۔ اس وقت تک پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے۔ جمعہ کی شام جماعت کے قائد نوازشریف نے سیاسی بلوغت اور قومی مسائل کے شعور پر مبنی نہایت مثبت پیغام دیا کہ ’’آئیں ہم سب مل جل کر قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالیں۔‘‘ اگلے چند دنوں میں اندازہ ہوجائے گا کہ یہ پیغام کس حد تک پذیرائی پاتا ہے۔سیاسی استحکام کیلئے پی۔ٹی۔آئی حمایت یافتہ آزادوں کا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ کیا وہ ایک منظم دھڑے کے طور پر موجود رہتے ہیں؟ کیا وہ اپنے آپ کو کسی یک رُکنی یا دو رُکنی جماعت میں ضم کردیں گے؟ کیا وہ خزاں رسیدہ پتوں کی طرح ہوائوں کا رزق ہوجائیں گے ؟ سب سے بڑا سوال یہ کہ کیا یہ گروہ ایک بدلی ہوئی، مثبت اور تصادم گریز حکمتِ عملی اپنائے گا یا اُسی آتش فشانی دہانے سے پھوٹتا لاوہ بنا رہے گا جو کئی برسوں سے جمہوریت کی ہریالی کو چاٹ رہا ہے۔
آخر میں عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ مسئلہ یہ ہے کہ عمران خان کی لُغت میں حکمت، مصلحت، مفاہمت، مکالمے اور جمہوری لچک جیسے الفاظ ہیں ہی نہیں۔ اسی کو وہ اپنے بیانیے کی طاقت سمجھتے ہیں اور یہی بیانیہ نہ صرف ملک بلکہ خود عمران خان کیلئے بھی لاتعداد مسائل پیدا کر رہا ہے۔ اپنی انتخابی کامیابی کو بھی انہوں نے ’’غلامی نامنظور‘‘ کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے۔ گویا پارلیمان بھی ’’غلامی‘‘ سے نجات کا ایک مورچہ ہوگی اور ’’یا اپنا گریباں چاک یا دامنِ یزداں چاک‘‘ کا جہادی معرکہ جاری رہے گا۔
