پی ٹی آئی نے بھگوڑے رہنماؤں کو نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی قرار دیدیا

تحریک انصاف نے بھگوڑے رہنماؤں فواد چوہدری، محمود مولوی اور عمران اسماعیل کی جانب سے ڈائیلاگ کمیٹی کے ذریعے کی جانے والی مذاکرات کونمائشی کمیٹی قرار دیدیا۔

فوکل پرسن پنجاب بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے بیان میں کہاکہ ایک نام نہاد نمائشی ڈائیلاگ کمیٹی کے ذریعے پارٹی سے وابستہ افراد کو گمراہ کن پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔

بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے واضح کیاکہ یہ وہی افراد ہیں جنہوں نے مشکل ترین وقت میں چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ دیا، کھلے عام پریس کانفرنسیں کیں، سوشل میڈیا پر پارٹی سے لاتعلقی کے اعلانات کیے اور عملی طور پر پارٹی سے منحرف ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ان افراد نے اپنی سیاسی وابستگی ختم کرنے کا اعلان کیا اور بعد ازاں دیگر سیاسی جماعتوں میں شامل ہو کر وہاں باقاعدہ عہدے بھی سنبھال لیے۔

عمران خان کی ہدایات کے مطابق، ان افراد کو باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پارٹی سے خارج کر دیا گیا ہے، اور آج وہ کسی بھی صورت میں پی ٹی آئی سے منسوب ہونے کا اخلاقی، سیاسی یا تنظیمی حق نہیں رکھتے۔‘

بریگیڈئیر (ر) مشتاق نے کہاکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس پہلے ہی اس قسم کے نمائشی اور غیر سنجیدہ پروگراموں کو مسترد کر چکے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی اپنے موقف کو واضح انداز میں بیان کیا ہے۔

Back to top button