26ویں ترمیم میں ووٹ دینےپرپی ٹی آئی نے5ارکان کو نکال دیا

پاکستان تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم پر پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والے قومی اسمبلی کے 5 ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے۔
پارٹی سے نکالے گئے ارکان میں اورنگزیب خان کھچی، محمد الیاس چوہدری، مبارک زیب، اسامہ علی اور ظہور حسین قریشی شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پانچوں ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جسے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق ان ارکان پر الزام ہے کہ انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم پر ووٹنگ کے دوران پارٹی مؤقف کی خلاف ورزی کی، جو پارٹی نظم و ضبط کے اصولوں کے منافی اقدام تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی تھی، جس پر سیاسی حلقوں میں مختلف آرا سامنے آئی تھیں۔
