عمران خان کی جیل ملاقاتیں مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں ،عطاتارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتیں مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، اب نہ ملاقات کی اجازت ہوگی اور نہ ہی جیل کے باہر کسی قسم کا ہجوم جمع کرنے دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر سے ملک کے خلاف سازشیں کی جاتی رہی ہیں اور بھارتی چینلز کو انٹرویوز دیے گئے، اس لیے آئندہ کسی کو وہاں ہجوم بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کے لیے خطرہ ہیں اور ریاست کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے جانا چاہتی تھی اور اسی مقصد کے لیے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، جو دشمن بھی نہیں کرتا، جبکہ عمران خان پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اپنا سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا اس لیے وہ ایسا بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران سیاسی ہدایات دی گئیں، جو قانون کی خلاف ورزی ہے، اسی وجہ سے ملاقاتیں بند کی گئی ہیں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر جیل کے باہر کسی نے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ قیدی کی ملاقات قانون اور ضابطے کے مطابق ہوتی ہے، اور فی الحال کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔

مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے، اور جن لوگوں نے اس معاملے پر بے بنیاد بحث چھیڑی انہیں شرم آنی چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ بند ہو چکا ہے کیونکہ انہوں نے اپنا موقع گنوا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی انتشاری، دہشت گرد یا انتہاپسند سوچ رکھنے والے سے بات چیت نہیں ہوگی۔ اگر بانی پی ٹی آئی کے بغیر بات کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں ضرور کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کسی سیاسی راستے کی خواہاں ہے تو اسے معذرت کرنا ہوگی اور تسلیم کرنا ہوگا کہ ان کے قائد نے غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ بیانات دیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی جماعت کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے، جس کا اعتراف ان کے کئی رہنما خود کرتے ہیں۔

Back to top button