پی ٹی آئی نے آئینی عدالت کے بائیکاٹ پر ابھی فیصلہ نہیں کیا: سلمان اکرم راجا

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ پارٹی نے تاحال وفاقی آئینی عدالت کے بائیکاٹ سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

وفاقی آئینی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی نے آئینی عدالت کا بائیکاٹ کر دیا ہے؟ اس پر سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ عدالت کے بائیکاٹ کے بارے میں ابھی کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی گئی، اس معاملے پر پارٹی کے اندر مزید مشاورت ہوگی، اور عدالت اب باقاعدہ قائم ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیدِ تنہائی کے حوالے سے درخواست بھی زیرِ التوا ہے، اور جلد فیصلہ کرنا ہوگا کہ اگر ہم عدالت کو نہیں مانتے تو اس میں پیش ہونا ہے یا نہیں۔ ابھی تک کوئی واضح فیصلہ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی 27 ویں آئینی ترمیم کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نہ صرف مخالفت کی تھی بلکہ ووٹنگ کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔

اسی ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت قائم کی گئی ہے جس کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان ہیں۔ یہ عدالت صرف آئینی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کرے گی۔

Back to top button