پی ٹی آئی کا قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مشارورتی اجلاس میں ارکان کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کی حمایت کی گئی، بیرسٹر گوہر سمیت متعدد رہنماؤں نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت کے حق میں دلائل دیے، جنید اکبر کی جانب سے عمران خان سے مشاورت کا کہا گیا۔

قبل ازیں خبر آئی تھی کہ قومی سلامتی سے متعلق خصوصی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت تذبذب کا شکار نظر آرہی ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرے گی۔

دوسری جانب پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کو قومی سلامتی کمیٹی سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا، عمران خان کی مشاورت اور ان کے فیصلے کے بغیر کسی بھی کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

مرکزی رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر کا کہنا ہےکہ پارٹی عمران خان سے مشاورت اور ان کے حکم کے بعد ہی کسی کمیٹی یا کسی معاملے میں آگے بڑھے گی، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کےلیے عمران خان سے مشاورت کریں گے۔

یاد رہےکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس کل طلب کر رکھا ہےجس میں عسکری قیادت موجودہ ملکی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دے گی۔

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائےگا جس میں پارلیمان میں موجودہ تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور ان کے نامزد نمائندے شرکت کریں گے،متعلقہ اراکین کابینہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

Back to top button