پی ٹی آئی عمران خان کے نام پرہمدردی کارڈ کھیل رہی ہے،طلال چودھری

وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان بالکل صحت مند ہیں، پی ٹی آئی کے سارے کارڈز ناکام ہوگئے ہیں، اس لیے یہ اب عمران خان کی صحت کو لے کر ہمدردی کارڈ کھیل رہی ہے، ان کو اب این آر او نہیں ملے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان کو پمز ہسپتال لائے جانے میں چھپانے والی بات کوئی نہیں ہے، نہ یہ بات چھپی رہ سکتی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی کبھی مثبت نہیں ہوسکتی

انہوں نے کہا کہ  کبھی کہتی ہے کہ عمران خان کو صحت کی سہولیات نہیں دی جارہی اور ان کا خیال نہیں رکھا جاتا، اب عمران خان کو صحت کا کچھ مسئلہ ہوا ہے تو اسلام آباد کے سب سے بہترین اسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ پمز ہسپتال سے تسلی ہونے کے بعد عمران خان کو واپس جیل پہنچایا گیا، یہ حکومت اور جیل حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام قیدیوں کی صحت اور باقی حقوق کا خیال رکھیں اور وہ خیال رکھ رہے ہیں، کئی قیدیوں کو علاج کے لیے اسپتال پہنچایا جاتا ہے اور کسی کی پریس ریلیز یا پریس کانفرنس نہیں ہوتی، قیدی کے ورثا کو اطلاع دینا کہ وہ بیمار ہے، جیل حکام کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بالکل صحت مند اور ٹھیک ہیں، ان کے جیل میں ذاتی معالج اور باورچی بھی ہیں، جیل کے اندر ذاتی رہائش گاہ بھی ہے، ذاتی ایکسرسائز مشین اور ذاتی خدمت گزار بھی ہیں، ہر چیز کا خیال رکھنا پڑتا ہے، وہ سزا یافتہ ہیں، سیکیورٹی اور دوسری وجوہات پر نہیں بتایا گیا کہ انہیں اسپتال لایا جارہا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ اڈیالہ جیل کے باہر ہنگامہ ہو۔

 

Back to top button