خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے : گورنر فیصل کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبہ جو ایک بار پھر دہشت گردی کی زد میں آچکا ہے، اس صورت حال کی ذمہ داری پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وادی تیراہ سے متعلق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2013 میں ایک پُرامن صوبہ پی ٹی آئی کے حوالے کیا گیا تھا، لیکن آج وہ دوبارہ بدامنی اور دہشت گردی کا شکار ہے۔موجودہ حالات کی مکمل ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہاکہ اگر صوبے کا چیف ایگزیکٹو بغیر حکومتی منظوری کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ہونے اور اس آپریشن سےاپنی لا علمی کا دعویٰ کرے،تو یہ صرف نا اہلی نہیں گورننس کی تباہی کا اعتراف ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ شعبدہ بازی اور ڈرامہ بازی کو ختم کریں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا خاص طور پر وادی تیراہ اور کرم کے عوام کو اس وقت تقاریر کی نہیں بلکہ واضح قیادت کی ضرورت ہے۔ زیراعلیٰ کی ترجیح آئی ڈی پیز کی فوری بحالی اور سکیورٹی ہونی چاہیے،سیاسی ڈرامہ اور انتشار نہیں۔
