تحریک انصاف نے پشاور جلسے میں ناکامی پر 25 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے

تحریک انصاف نے پشاور میں 7 دسمبر کو منعقدہ جلسے میں مطلوبہ تعداد میں کارکن نہ لانے پر ضلعی تنظیم کے 25 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
جلسہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ پارٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ ضلعی تنظیم کے عہدیدار پارٹی کے احکامات پر عمل درآمد میں ناکام رہے اور متعلقہ ارکان کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچانے میں ناکامی کا شکار ہوئے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ اراکین تین دن کے اندر وضاحت پیش کریں، اور تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق نوٹس کے اجرا کے بعد کئی پارٹی عہدیداروں نے استعفے بھی پیش کر دیے ہیں۔
