پی ٹی آئی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردی

پی ٹی آئی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت پارٹی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کرانے سے مشروط کردی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے پہلے مشاورت کےلیے عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے اجلاس میں شرکت کےلیے بیرسٹر گوہر،اسد قیصر، زرتاج گل، عامر ڈوگر،علی محمد خان، بیرسٹر علی ظفر،حامد رضا اور دیگر کے نام پیر کو دیے تھے۔
تاہم رات گئے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے قبل عمران خان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے کہ گیا ہےکہ عمران خان سے ملاقات نہ کرائی تو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بھی بتایاکہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت پر گفتگو کی گئی۔
سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص کا کہنا تھاکہ جب تک عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
ذرائع کےمطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کے بیشتر ارکان نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کےلیے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے ناموں پر بھی اعتراض کیا۔
ذرائع کے مطابق ارکان نے کہاکہ عامر ڈوگر کو سیاسی اور کور کمیٹی کی مشاورت کے بغیر نام نہیں دینے چاہیے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے تحریک انصاف سے رابطہ کرکے میٹنگ کےلیے ان کے نام مانگے تھے ۔
جس پر پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر،اسد قیصر ،زرتاج گل،عامر ڈوگر ، علی محمد خان،بیرسٹر علی ظفر،حامد رضا اور دیگر کے نام بھجوائے تھے۔
