اسلام آباد احتجاج کی کال پر پی ٹی آئی پرپابندی لگ سکتی ہے،فیصل واوڈا

سینیئر سیاستدان فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اگر اسلام آباد کی طرف احتجاج کیا تو پارٹی پر پابندی اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے آپشنز موجود ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیاکہ اگر 26 نومبر کو پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کرے گی تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

فیصل واوڈا نے کہاکہ ٹی ایل پی پر پابندی لگ چکی ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ کسی اور جماعت پر بھی پابندی لگے۔انہوں نے کہاکہ اس سال عمران خان کے لیے کچھ خاص نہیں ہوگا اور اگر یہی صورتحال رہی تو انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں کسی گروپ کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، تاہم 9 مئی کے واقعے میں وہ بے گناہ ہیں۔

فیصل واوڈا نے عمر سرفراز چیمہ اور شبلی فراز کی تعریف کی اور کہا کہ ٹرائل کے بعد انہیں رہا کر دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان نے بھارت سے جنگ جیتی، جس کے بعد سعودی عرب سمیت دیگر ممالک ہمارے ساتھ معاہدے کررہے ہیں، اور سرمایہ کاری کی باتیں ہورہی ہیں۔ اور یہ سب کچھ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے ہورہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قسمت اچھی تھی کیونکہ وہ اس وقت وزیراعظم بنے جب سب کچھ پاکستان کے حق میں تھا، اور انہوں نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

Back to top button