پی ٹی آئی والے احتجاج نہیں خونریزی چاہتے ہیں ، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ انتشاری ٹولےکےہاتھوں سیکیورٹی اہلکاروں کےخاندانوں کی زندگیاں تباہ کردی گئیں، یہ پُر امن احتجاج نہیں، شدت پسندی ہےاورانتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سےجاری بیان میں سری نگر ہائی وےپر پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے گاڑی سےکچلے گئے رینجرزاہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور غم کااظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کےاہلکاروں پر حملےقابل مذمت ہیں۔ انہوں نےواقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکےانہیں قرار واقعی سزا دلوانےکی ہدایت کی۔
پولیس کی پی ٹی آئی کارکنوں سے جھڑپیں جاری ، ایس ایس پی سمیت 22 اہلکار زخمی
شہبازشریف نےحملے میں زخمی ہونےوالےرینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت کی اور شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئےصبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نےمزید کہاکہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنارہا ہے،انتشاری ٹولےکے ہاتھوں سیکیورٹی اہلکاروں کےخاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں، یہ پُرامن احتجاج نہیں، شدت پسندی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کےنفاذ کیلئےمامورہیں،انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کئے گئے رینجرز اہلکاروں کےمعصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے،انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے۔
شہباز شریف نےمزیدکہاکہ پاکستان کسی بھی انتشار اور خوں ریزی کا متحمل نہیں ہوسکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے،مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونےوالے رینجرز و پولیس کےاہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
واضح رہےکہ سیکیورٹی ذرائع نےکہا ہےکہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر شر پسندوں نےڈیوٹی پر موجود رینجرز اہلکاروں پرگاڑی چڑھادی۔
شر پسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں جن میں 2 پولیس اہلکاربھی شامل ہیں۔
حادثےکے نتیجے میں 4 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا،جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مجموعی طور پر اب تک 100 سےزائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔