پی ٹی آئی سیکرٹیریٹ سیل کرنے کے خلاف درخواست، رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے کے آپریشن کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے رہنما تحریک انصاف عمر ایوب کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت کی، تحریک انصاف کی جانب سے شعیب شاہین اور عمیر بلوچ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت عالیہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ اعتراض دور کرکے نمبر لگوائیں، درخواست دوبارہ سماعت کےلیے مقرر کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی وفاقی وزرا سے ملاقات خوش آئند ہے: مصدق ملک
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں سی ڈی اے کی جانب سے مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے اور مؤقف اپنایا گیا کہ ارشد داد اور نسیم الرحمٰن دونوں تحریک انصاف کے اراکین ہیں، ارشد داد اور نسیم الرحمٰن نے 17 جولائی 2020 کو ایک معاہدے کے بعد کمرشل پلاٹ خریدا۔
خیال رہے کہ 25 مئی کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں اپنا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے کے آپریشن کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
