تحریک انصاف جمہوری رویہ اختیار کرنے پر تیار نہیں،راناثنااللہ

 وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوری رویہ اپنانے پر آمادہ نہیں، اور احتجاج کے نام پر پُرتشدد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومت کے پاس تحریک انصاف کی خفیہ میٹنگز اور ان کی احتجاجی حکمت عملی سے متعلق مکمل معلومات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹی آئی کی پلاننگ اور ان کے اندرونی اجلاسوں میں ہونے والی باتوں سے ہم باخبر ہیں، اس احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘

مشیر وزیراعظم نے مزید کہا کہ پُرامن جلسے جلوس جمہوری روایت کا حصہ ہوتے ہیں، لیکن تحریک انصاف کا رویہ غیر جمہوری ہے۔ ’’یہ احتجاج کے نام پر جلاؤ گھیراؤ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جو لوگ سڑکوں پر نکلیں گے انہیں مشکلات کا سامنا ہوگا۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ احتجاج میں پی ٹی آئی کے 30 سے 35 ہزار افراد شریک تھے اور اب بھی اگر کوئی نکلے گا تو کارروائی کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خفیہ میٹنگز میں کی گئی باتیں مستقبل میں سنوائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کے حوالے سے بھی سوال اٹھایا کہ ’’جب وہ برطانوی شہری ہیں تو انہیں یہاں لاکر احتجاج یا لاقانونیت کا حصہ بنانے کا مقصد کیا ہے؟ کیا بعد میں برطانوی سفارتخانے سے بازیابی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے؟‘‘

رانا ثناءاللہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس مکمل معلومات موجود ہیں کہ پی ٹی آئی 5 اگست کی کال پر کیا کرنے جا رہی ہے، اور وہ اس سے کچھ حاصل نہیں کر پائے گی۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے لیے 5 اگست کی کال دے رکھی ہے، جبکہ ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی آج میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ اب حکومت سے بات نہیں، صرف تحریک چلے گی۔

Back to top button