پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نےمخصوص نشستیں مانگ لیں،ہائیکورٹ سےرجوع

پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نےمخصوص نشستوں کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجو کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کا 5 اپریل 2024 کا نوٹیفکیشن چیلنج کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ کمیشن کو 4 مارچ کا نوٹیفکیشن درست کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ پی ٹی آئی پی کو خیبرپختونخوا میں اس کے "حصے کے مطابق” مخصوص نشستیں دی جا سکیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس انعام امین منہاس کل اس درخواست کی سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ 27 جون کو سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ نے مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی درخواستیں 5 کے مقابلے میں 7 کی اکثریت سے منظور کر لی تھیں۔ اس فیصلے میں سپریم کورٹ کا 12 جولائی 2023 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا، جبکہ پشاور ہائیکورٹ کا وہ فیصلہ برقرار رکھا گیا جس میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے سے انکار کیا گیا تھا۔

 سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 74 مخصوص نشستیں بحال کردی تھیں، الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عدالتی فیصلے کی روشنی میں مجموعی طورپر (ن) لیگ کو 43 ، پیپلزپارٹی کو 14 اور جے یوآئی کو 12 نشستیں ملیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی ، مسلم لیگ (ق) ، اے این پی ، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی پی کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔

Back to top button