تحریک انصاف کوپرامن جلسےکی اجازت ہوگی انتشارکی نہیں،وزیردفاع

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ 5اگست کوتحریک انصاف کو پرامن احتجاج یاجلسے کی اجازت ہوگی انتشارپرسخت ردعمل آئے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کانجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ کہ اگر پاکستان تحریک انصاف5 اگست کے مجوزہ احتجاج میں سیاسی و پُرامن طرز عمل اپناتی ہے تو حکومت انہیں احتجاج کی اجازت دے گی، تاہم اگر ماضی کی طرح ہنگامہ آرائی، ریاستی املاک کو نقصان یا سرکاری مشینری کا غیر قانونی استعمال دہرایا گیا تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اس سے قبل بھی کئی بار اسلام آباد آ چکی ہے، اس دوران وہ ہتھیار، کرینیں اور سرکاری گاڑیاں ساتھ لاتے رہے۔ اگر اس بار بھی ایسا طرز عمل اختیار کیا گیا تو ریاست اسی انداز میں جواب دے گی جیسے پہلے دے چکی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت کے طور پر احتجاج کرتی ہے اور مظاہرے کو پُرامن رکھتی ہے تو کسی کو ان کے اجتماع سے مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ مینار پاکستان جیسے جلسے کریں اور پُرامن رہیں، تو انہیں روکا نہیں جائے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو اب سنجیدگی سے فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس رویے کو اپناتی ہے۔ اگر وہ تشدد سے گریز کریں گے تو انہیں احتجاج کا مکمل آئینی حق حاصل ہوگا، بصورت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کریں گے۔
