تحریک انصاف کو دوبارہ مذاکرات کی میزپرلوٹناہوگا،طلال چودھری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف کو دوبارہ مذاکرا ت کی میز پرلوٹناہوگا۔ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ ژوب میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کو شہید کیا گیا، اور بلوچستان میں پنجابیوں کے خلاف ایک مخصوص بیانیہ پروان چڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز پنجاب کو نشانہ بنانے والا بیانیہ تشکیل دیتی ہیں، حالانکہ پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو اس کا حق دیا۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ جو شہید ہوئے وہ صرف پنجابی نہیں بلکہ پاکستانی تھے، اور جو حملہ آور تھے وہ "فتنۂ ہندوستان” کے دہشت گرد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلوچ اور پشتون برادری نہ صرف کاروبار کر رہی ہے بلکہ یہیں آباد بھی ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے روابط بیرون ملک سے جڑے ہوئے ہیں، اور بدقسمتی سے کچھ عناصر نفرت کے ایجنڈے میں انسانیت کو فراموش کر بیٹھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے نکلنے والی گیس کا 70 فیصد حصہ وہیں استعمال ہوتا ہے۔
سیاسی حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کسی بھی سیاسی عمل میں مداخلت نہیں چاہتی، اور اگر پی ٹی آئی کو مذاکرات درکار ہیں تو اسے سپیکر کے پلیٹ فارم پر واپس آنا ہو گا۔
