نذر گوندل سمیت متعدد پی ٹی آئی کارکنوں نے گرفتاری دیدی

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت گوجرانوالہ میں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، ایم پی اے ظفر اللہ چیمہ کے ساتھ متعدد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر شروع ہونے والی جیل بھرو تحریک میں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، سابق ایم پی اے ظفر اللہ چیمہ نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دی، اس کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے قیدیوں والی وین کو گھیر لیا اور وین پر چڑھ گئے، وین میں بیٹھنے والے کارکنوں کو پولیس لے کر چلی گئی۔
گرفتاریوں کے بعد تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد گوجرانوالہ کی سنٹرل جیل کے باہر پہنچ گئیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 125 کے قریب کارکنوں نے گرفتاری دی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے رضا کارانہ طور پر گرفتاریاں دی جا رہی ہیں۔
پولیس نے قیدی وین میں بیٹھے کارکنوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، واضح رہے تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک پانچویں مرحلے میں داخل ہو گئی جس کے تحت گوجرانوالہ سے گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔
