اڈیالہ کےباہرپی ٹی آئی کے ڈراموں کاحل نکالناہوگا،راناثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے ہر منگل اور جمعرات کو اڈیالہ جیل کے باہر ڈرامہ لگاتے ہیں، یہ لوگ باز نہ آئے تو حل نکالنا ہوگا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ عمران خان سے ملاقاتوں کے ذریعے ہی 26 نومبر کی تیاری ہوئی، اداروں کے خلاف زہر اگلنا ہے تو پھر ملاقاتیں قانون کے مطابق ہی ہونی چاہییں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے پارٹی لیڈر کی منظوری سے مذاکرات کی دعوت دی، لیکن سلمان اکرم راجا نے جو جواب دیا، کیا پھر ہمیں دعوت دینی چاہیے۔ پی ٹی آئی میز پر بیٹھے، اور جو بھی مطالبہ ہے بات کرے، مذاکرات کرنے آئیں گے تو بات آگے چلے گی، ہم نے بات چیت کے لیے کوئی شرط عائد نہیں کی۔
راناثنااللہ نے کہاکہ وزیراعظم کی پیشکش کے بعد سلمان اکرم راجا نے جو بات کی، کیا یہ بلیک میلنگ نہیں، یہ بڑا پن ہے ورنہ وزیراعظم کو مذاکرات کی پیشکش واپس لینی چاہیے تھی۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ کیا پی ٹی آئی میں خیبرپختونخوا بند کرنے کی ہمت ہے، اصل میں یہ لوگ تصادم اور افراتفری پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں ںے کہاکہ اسلام آباد پر حملہ آور ہوں گے، اور مسلح ہو کر آئیں گے تو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، پی ٹی آئی نے پہیہ جام کرنے کا کہا، جو بلیک میلنگ ہے۔
