پی ٹی آئی کا بیانیہ ملک دشمن نہیں : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ ملک دشمن نہ ہے، نہ ہوگا،ریاستی ادارے اور سیاسی لوگ ایک دوسرے کو ذہنی مریض کہیں یا خطرہ سمجھیں تو یہ افسوسناک ہے۔ ملک تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے مایوسی ہوئی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ میں ہمیشہ سے امید کرتا آیا ہوں کہ تناؤ کم اور تعلقات میں بہتری آئے،پاکستان بھی ہمارا اور فوج بھی ہماری ہے،ہم نے اس کا عملی مظاہرہ کیا اور کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ یہ وقت ہےکہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں،جگہ دیں اور اعتماد کے فقدان کو ختم کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ تناؤ کو کم کرنے میں کردار ادا کریں۔میں اپیل کرتا ہوں کہ کچھ نان سٹیک ہولڈرز کا طرز عمل پی ٹی آئی اور اداروں کےدرمیان تناؤ کا سبب نہیں بننا چاہیے۔
عمران خان ملکی سالمیت کےلیے خطرہ ہیں : عطا تارڑ
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں،ان سے ملاقاتوں کی اجازت ہوتو ہم بہتری کی طرف چلےجائیں گے،ملک تناؤ اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
