پی ٹی آئی کاپشاور میں پاورشو،سہیل آفریدی کا ڈی چوک جانےکاعندیہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کے پشاور جلسے میں بہت جلد ڈی چوک جانے کاعندیہ دیدیا۔
پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کارکنوں نے مجھے عمران خان کی وجہ سے عزت دی، جس پر سب کا شکر گزار ہوں۔
جلسے کے دوران کارکنوں نےڈی چوک جانے کے نعرے لگا دیے، جس پر سہیل آفریدی نے کہاکہ میں بہت جلد ڈی چوک جانے کی کال دوں گا۔
سہیل آفریدی نے کہاکہ ایک جعلی وزیر اور ایک ادارے کے ڈی جی میں فرق ہے، جب بات عمران خان کی آئے گی تو ہم کہیں گے نام کیوں نہیں لیا۔
انہوں نے کہاکہ ایک بیانیہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے کہ پی ٹی آئی تصادم کی سیاست کر رہی ہے، ہم نے قانون اور آئین کے مطابق چل کر انہیں غلط ثابت کیا۔پشاور کو ہم نے ہمیشہ کلین سویپ کیا ہے، اور اب شہر کے لیے 100 ارب روپے کا پیکج لا رہے ہیں، جس میں 5 ہزار بستر پر مشتمل میڈیکل کمپلیکس بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ 100 ارب میں رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر انڈر پاسز بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ بھی بہت سے پیکیجز آ رہے ہیں۔خیبرپختونخوا میں گورننس نہ ہونے کی باتیں کی جاتی ہیں، مگر گورننس کی وجہ سے ہی عوام نے تیسری بار پی ٹی آئی کو جتوایا۔ گورننس وہاں نہیں ہے جہاں آئی ایم ایف نے چارج شیٹ دی ہے۔ یہ کرپشن کے پیسے ہم آپ کو کھانے نہیں دیں گے۔
سہیل آفریدی نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہم پر تنقید کی جاتی ہے کہ ہم دہشتگردی کے خاتمے میں سیریس نہیں، حالانکہ ان کی اپنی پالیسیاں درست نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک بندہ آتا ہے اپنی پالیسی بناتا ہے، دوسرا آتا ہے دوسری بناتا ہے، تیسرا آتا ہے اور پھر چوتھا آتا ہے، وہ نئی پالیسی بناتا ہے۔ یہ صوبہ کوئی تجربہ گاہ نہیں، یہ غیور پختونوں کا صوبہ ہے، یہاں صوبائی حکومت اور عوام کی ایک ہی پالیسی چلے گی۔‘
