پی ٹی آئی کی بقا بانی ایم کیو ایم کے ماڈل میں نظر آرہی ہے ، طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ابھی بھی غلط فہمی کا شکار ہے، اور اس کی بقا اب اسی ماڈل میں دکھائی دیتی ہے جس پر بانی ایم کیو ایم عمل کرتے تھے۔
سینیٹر طلال چوہدری کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اس مقام تک پہنچ چکے ہیں، بلکہ اسے بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے متعدد اراکین اپنے بانی کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور نجی محفلوں میں کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ سیاست کرنا ممکن نہیں۔ ان کے بقول پارٹی کے اندر سے ہی لوگ جلد علیحدگی اختیار کریں گے۔
طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی دوبارہ سیاسی عمل کا حصہ بنے، لیکن عمران خان اس راہ پر چلنے کے خواہاں نہیں۔ ان کے مطابق بانی جماعت کی نظر میں سیاسی کارکنوں کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت سیاسی راستے کے بجائے دیگر طریقوں پر چلنے کی کوشش کرے تو پھر ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنائے۔
