پنجاب،سپیشل افراد، بزرگوں اور طلبہ کیلئےمفت سفر کی منظوری

پنجاب کابینہ نے صوبے میں اسپیشل افراد، بزرگوں اور طلبہ کیلئےمفت سفر کی سہولت کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 24واں اجلاس اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پنجاب میں اسپیشل افراد، بزرگوں اور طلبہ کے لیے مفت سفر کی سہولت کی منظوری دے دی گئی، جبکہ طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ کارڈ جاری کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چکن کے نرخ کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں جنسی جرائم کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی، جبکہ ریپ کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
کابینہ اجلاس میں بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹ بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ ضلع بھکر میں ایئر ایمبولینس سروس کے لیے ایئر اسٹرپ کی تعمیر کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کی ایئر لائن سروس کے آغاز کی تجویز کا جائزہ بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریفک چالان اور جرمانے کی وصولی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لیگل ریفامز کے لیے پلان طلب کرلیا، جبکہ کابینہ میں نئے ایڈووکیٹ جنرل امجد پرویز کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ حکومت آتے ہی سفارشوں کی لائن لگ گئی تھی لیکن کسی بھی سفارش پر عمل نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ لا آفیسرز کی 100 فیصد میرٹ پر تعیناتی ہونی چاہیے، تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ زیادتی کے واقعات کا سن کر سرشرم سے جھک جاتا ہے۔پنک سالٹ پاکستان کا ہے صرف پیکجنگ کرکے فائدہ دوسرے ممالک اٹھا رہے ہیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ شہریوں نے نگہبان رمضان پر نہایت مثبت رسپانس دیا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ 25 لاکھ 64 ہزار گھرانوں کو نگہبان رمضان 2025 کے چیک مل چکے ہیں، خوشی ہوئی کہ وفاق اور دیگر صوبوں نے پنجاب کے رمضان پیکج کو فالو کیا۔انہوں نے کہاکہ جلد 1.5 ملین گھرانوں کو راشن کارڈ دینے جارہے ہیں، کسی صوبے کا پانی نہیں لے رہے، جواب دیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عیدالفطر پراشیائے خورونوش کے نرخ پر کنٹرول رکھنے کی کڑی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ پہلی بار رمضان میں قیمتیں کنٹرول میں رہیں، لائنز نہیں لگی اور دھکم پیل نہیں ہوئی، 15 سال میں سب سے سستا رمضان بازار لگانے پر سلمیٰ بٹ اورپوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔
صوبائی کابینہ نے 40 ہزار اسپیشل طلبہ کو وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی طرف سے عید گفٹ دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں طلبہ کے لیے گریڈ نگ سسٹم کے لیے ورلڈ بینک سے معاہدہ سائن کرنے کی منظوری دے دی گئی، جبکہ پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھا دیے گئے۔
اجلاس میں ناجائز اسلحہ کے تدارک کے لیے پنجاب آرمز آرڈیننس کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزا مزید سخت کردی گئی۔ جبکہ پیدائش اور ڈیٹھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی فیس ایک سال کے لیے معاف کر دی گئی۔
اجلاس میں نادار اور مستحق افراد کو مفت قانونی امداد یقینی بنانے کے لیے پنجاب لیگل ایڈ رولز میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں چاول کی دو فصلیں کاشت کرنے کی پابندی کی تجویز کو مسترد کردیا۔
