26اپوزیشن ارکان کی معطلی،حکومت اوراپوزیشن کمیٹی کامتعدد نکات پراتفاق

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فریقین متعدد نکات پر متفق ہو گئے ہیں۔
حکومتی اور اپوزیشن کمیٹی نے آئندہ 3 سے 4 دن میں ایک اور نشست منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ باقی معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت اس حوالے سے دوسرا اجلاس ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا، جس میں اپوزیشن اور حکومت کے نمائندوں نے تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس کے بعد اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ارکان سے آج ہونے والی بات چیت انتہائی مثبت رہی، اور اجلاس میں زیر بحث نکات کو ہم اپنی پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھیں گے۔ اُن کے مطابق آئندہ چند روز میں ایک اور سیشن ہوگا جس میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر خزانہ اور حکومتی نمائندے مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن سے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی میں چاہے حکومتی رکن ہو یا اپوزیشن کا، سب کی عزت بحال ہو اور ایوان کو حقیقی معنوں میں عوامی ادارہ بنایا جائے۔
حکومتی و اپوزیشن نمائندوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پنجاب اسمبلی کی مثبت روایات کو بحال کیا جائے گا، اور گالم گلوچ، ہاتھا پائی اور ہنگامہ آرائی جیسے رویوں کا مل کر خاتمہ کیا جائے گا۔
