پنجاب اسمبلی:فیلڈ مارشل کو خراج تحسین ،سانحہ آرمی پبلک سکول پر قراردادیں منظور

پنجاب اسمبلی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین اور سانحہ آرمی پبلک اسکول پر قراردادیں منظور کرلی گئی۔
پنجاب اسمبلی نےمتعدد اہم قراردادیں کثرت رائے سے منظور کیں۔
ایک قرارداد میں سانحہ آرمی پبلک سکول اور سقوط ڈھاکہ کو یاد کرتے ہوئے قومی یکجہتی، اتحاد اور دہشت گردی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ قرارداد حکومتی رکن رانا محمد ارشد نے پیش کی۔
ایوان نے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے افواج پاکستان کی خدمات کو سراہا اور نوجوانوں سے توقع ظاہر کی کہ وہ وطن کے لیے یکجہتی اور حوصلے کے ساتھ کام کریں۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے جرات مندانہ فیصلوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ایوان نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل حافظ عاصم منیر کو قومی اداروں میں خود احتسابی اور شفافیت کے فروغ پر خراج تحسین پیش کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے اداروں کی ساکھ، آئین کی بالادستی اور قومی مفاد کو یقینی بنایا اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے فیصلے کو انصاف اور ادارہ جاتی سالمیت کے لیے قابل ستائش قرار دیا گیا۔
اسی اجلاس میں بھارت کے صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے کو بے شرمانہ، گھٹیا اور نسل پرستانہ عمل قرار دیا گیا اور بھارت میں اقلیتوں کی غیر محفوظ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عالمی اداروں سے بھارت سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
