پنجاب اسمبلی : سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ جاری، ن لیگ اور اپوزیشن آمنے سامنے

پنجاب اسمبلی میں سینیٹر ساجد میر کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کےلیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب اس انتخاب میں ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جب کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان پولنگ سٹیشن میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اراکین اسمبلی کو باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ارشد کو چیف وہپ اور پولنگ ایجنٹ نامزد کیا گیا ہے، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے رانا شہباز یہ ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے ذریعے بیلٹ پیپر پر کی جا رہی ہے، جو آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت منعقد ہو رہی ہے۔
اراکین کو بیلٹ حاصل کرنے کے لیے اسمبلی کارڈ یا قومی شناختی کارڈ دکھانا ضروری ہوگا۔ بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے نام اردو حروفِ تہجی کے مطابق درج ہیں، اور ووٹرز کو اردو یا انگریزی اعداد میں اپنی ترجیح ظاہر کرنا ہوگی۔ صرف ایک امیدوار کے سامنے ہندسہ "1” دینا لازمی ہے، بصورت دیگر ووٹ مسترد کر دیا جائے گا۔ اگر ایک سے زائد امیدواروں کو "1” یا بیلٹ پر کوئی نشانی یا تحریر درج کی گئی تو ووٹ کالعدم ہوگا۔

پولنگ کے دوران موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں لے جانا ممنوع قرار دیا گیا ہے، اور اراکین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فون پولنگ عملے کے پاس جمع کرائیں۔ ووٹ ڈالنے کے لیے پردے دار مقام پر جانے اور دورانِ ووٹنگ کسی دوسرے رکن یا امیدوار سے گفتگو سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اس وقت کل 369 اراکین ہیں، کیونکہ 371 نشستوں میں سے دو خالی ہیں اور اپوزیشن کے میاں اسلم اقبال نے تاحال حلف نہیں اٹھایا۔ کامیابی کے لیے امیدوار کو کم از کم 184 ووٹ درکار ہوں گے۔

اسمبلی میں حکومتی اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہے، جس کے پاس مجموعی طور پر 261 ووٹ ہیں، جب کہ اپوزیشن کے پاس 108 ووٹ موجود ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے پاس 229، پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ (ق) کے 11، اور سنی اتحاد کونسل کے پاس 75 ووٹ ہیں۔ آزاد اراکین کی تعداد 28 ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے 7، جب کہ تحریک لبیک، مجلس وحدت مسلمین اور مسلم لیگ (ضیاء) کے پاس ایک ایک ووٹ موجود ہے۔

ضمنی انتخاب میں حکومتی اتحاد کی طرف سے حافظ عبدالکریم میدان میں ہیں، جب کہ اپوزیشن کی جانب سے مہر عبدالستار امیدوار ہیں۔ دو آزاد امیدوار، خدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی مقابلے میں شامل ہیں۔

سپیکر خیبرپختونخوا کا چیف جسٹس پاکستان کو خط، مخصوص نشستوں پر حلف برداری کو غیر آئینی قرار دے دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تمام اراکین کو مکمل حاضری اور بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخاب صرف عددی اکثریت کا نہیں بلکہ جمہوری نظم و ضبط اور پارلیمانی یکجہتی کا مظاہرہ بھی ہونا چاہیے۔

Back to top button