وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کی تقریبات کا وقت کل صبح 5 بجے تک بڑھا دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ہونے والی بسنت کی تقریبات کا وقت کل صبح 5:00 بجے تک بڑھادیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اور پورے پاکستان میں بسنت کی شاندار تقاریب ہوئیں،جشن،اتحاد اور خوشیاں دیکھیں جو 25 سال بعد واپس آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ بسنت تقریبات کا وقت بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے،بسنت کی تقریبات کا وقت کل صبح 5:00 بجے تک بڑھادیا گیاہے،یہ توسیع لاہور کے عوام کےلیے انعام ہے جنہوں نے بسنت کو بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ منایا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے عوام نے تمام حفاظتی ایس او پیز کی ذمہ داری سے پابندی کی،جشن محفوظ انداز میں جاری رکھیں،بجلی کی تاروں سے دور رہیں،اپنی چھتوں کو محفوظ بنائیں اور تمام ہدایات پر عمل کریں۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بسنت پر حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے پر اہل لاہور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ خوشی ہے کہ لاہور والوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ چھتوں پر ایس او پیز کےمطابق محفوظ بسنت منائی گئی، دھاتی تار استعمال نہ ہونےکی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے، محفوظ بسنت کا تصور لاہور کےبعد دوسرے شہروں میں بھی اپنایا جائے گا۔
پاکستان کا غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں 6 سے 8 فروی تک بسنت منانے کا اعلان کیاگیا تھا جس کےلیے باقاعدہ ایس او پیز بھی جاری کیے گئے تھے۔
بسنت کی تقریبات میں ناصرف مقامی افراد بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جبکہ امریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کے علاوہ دیگر ممالک کے سفارتکار بھی بسنت کے رنگ میں رنگے نظر آئے اور شاندار ایونٹ کے انعقاد پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
