پنجاب سول ڈیفنس کو پہلی جدید اینٹی ڈرون گن فراہم کر دی گئی

پنجاب کے سول ڈیفنس ادارے کو دشمن کے ڈرونز کو فضا میں فوری ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والی پہلی جدید اینٹی ڈرون گن فراہم کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سول ڈیفنس ادارے کو پہلی جدید اینٹی ڈرون گن EMG-150 فراہم کر دی گئی ہے، جو اینٹی ڈرون گن 2 سے 3 کلومیٹر کے فاصلے تک دشمن کے ڈرون کو جام کر کے زمین پر گرانے یا کنٹرول سے باہر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ابتدائی طور پر یہ گن پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر راولپنڈی ڈویژن میں تعینات کی گئی ہے، اوریہ گن پنجاب بھر میں سول ڈیفنس کو بھی فراہم کی جائے گی۔

یہ جدید گن صرف 6 کلو وزن کی ہے اور ہائی گین ڈائریکشنل اینٹینا کے ذریعے درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گن میں آٹھ مختلف فریکوینسیز موجود ہیں جو دنیا کے کسی بھی ڈرون کو گرانے کے لیے کافی ہیں۔ اس سسٹم کی مدد سے دشمن ڈرون کے کنٹرول سگنلز میں مداخلت کی جا سکتی ہے، جس سے ڈرون کو فوری لینڈ کروایا جا سکتا ہے یا زمین پر گرایا جا سکتا ہے۔

افغان ڈرونز نے پاکستان میں عسکری ٹارگٹس کو نشانہ کیسے بنایا؟

یہ گن EMG-150 GPS، Galileo، GLONASS اور BeiDou سگنلز کو جام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور طاقتور جیمنگ سسٹم کی مدد سے زیادہ سے زیادہ 200 واٹ آؤٹ پٹ پاور فراہم کرتی ہے۔ یہ گن منفی 22 سے 65+ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی مؤثر رہتی ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سول ڈیفنس کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) مزید اینٹی ڈرون گنز تیار کرے گی، جو حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گی۔

Back to top button