9 مئی واقعات سے متعلق پنجاب فارنزک لیب رپورٹ غیر قانونی ہے: سلمان اکرم

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ وہ سہیل آفریدی کو چند ماہ قبل تک نہیں جانتے تھے، تاہم سہیل آفریدی تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں اور انہیں کسی صورت راستے سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب فارنزک لیب کی رپورٹ قانون کے خلاف ہے۔ ان کے مطابق تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد یہ معاملہ فارنزک لیب تک کیسے پہنچا، یہ ایک سنجیدہ سوال ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ پنجاب فارنزک لیب اور اس سے جڑے تفتیشی عمل کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت مذاکرات کا کوئی ماحول نظر نہیں آ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو اصولوں کی بنیاد پر بات کرنی ہے تو ہم تیار ہیں، جن میں شفاف انتخابات، عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور آزاد عدلیہ شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے لیے علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو اختیار دیا گیا ہے، تاہم پی ٹی آئی کسی آسائش یا چور دروازے کے ذریعے بات چیت نہیں کرے گی۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق اب پارٹی کو اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حکومت کے ساتھ بیٹھے، بسکٹ اور چائے پی گئی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا، حتیٰ کہ ملاقات کے لیے بھی یہ کہا جاتا ہے کہ پوچھ کر بتایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری نے 9 مئی کے واقعات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش، تیمور جھگڑا اور عرفان سلیم کی موجودگی کی تصدیق کا دعویٰ کیا تھا۔
