پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک شراکت داری بڑھانے پر متفق

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور ان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے صحت، تعلیم، اپنی چھت اپنا گھر، ستھرا پنجاب اور کلائمیٹ جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔

اجے بنگا نے پنجاب میں جاری ٹورازم، ہیلتھ، ایجوکیشن اور سکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو قابل تحسین قرار دیا اور مستقبل میں موسمیاتی لچک، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے لیے سپورٹ اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ مالی استحکام اور قابل عمل کاروباری ماڈلز کے ذریعے مسلسل تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے آئی ٹی انفراسٹرکچر بہتر بنانے، ڈیجیٹل گورننس کو مضبوط کرنے، اقتصادی ترقی کو متحرک کرنے اور آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت سستی رہائش، نگہبان پیکج اور ہمت کارڈ جیسی سماجی بہبود کی سکیمیں بھی جاری ہیں۔

Check Also
Close
Back to top button