پنجاب میں سرکاری محکموں کے لیے پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق آئندہ سرکاری محکمے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں ہی خرید سکیں گے، تاہم فیلڈ ڈیوٹی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ صوبے میں نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی کا اجرا اب الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب سے مشروط ہوگا۔ الیکٹرک چارجنگ سہولت کے بغیر کسی نئے پیٹرول پمپ کو کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔
چیف سیکرٹری کے مطابق این او سی حاصل کرنے والے 170 نئے پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے 31 شہروں میں ان پیٹرول پمپس کے لیے ای بز پورٹل کے ذریعے این او سیز جاری کی جا چکی ہیں۔
