پنجاب حکومت نے بیوروکریسی کےلیے نئی ٹرانسپورٹ پالیسی جاری کردی

حکومت پنجاب نے بیوروکریسی کےلیے نئی ٹرانسپورٹ پالیسی جاری کردی،چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب تین سرکاری گاڑیاں اپنے استعمال میں رکھ سکیں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب 2800،1800 اور 4700 سی سی کی گاڑیاں استعمال کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی پولیس،چیف سیکرٹری کی دوگاڑیوں کےلیے ہر ماہ 800 لیٹر پیٹرول ملے گا،چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی4700 سی سی گاڑی کے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں جب کہ پہلے چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب 1300 اور 1600 سی سی گاڑیاں رکھنےکے مجاز تھے۔
قبل ازیں چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو ڈیوٹی پر گاڑی کےلیے 200 لیٹر پیٹرول ماہانہ ملتا تھا تاہم سرکاری دورے پر جانے والی گاڑی کےلیے پیٹرول کی کوئی حد مقرر نہیں تھی۔
نوٹیفکیشن کےمطابق گریڈ 20،21،22 افسران میں سیکرٹری 2800 اور 1800سی سی انجن کی دو گاڑیاں استعمال کرسکیں گے، گریڈ 22 اور 21 کے افسران ذاتی استعمال کےلیے 200 لیٹر اور سرکاری استعمال کےلیےلا محدود پیٹرول استعمال کریں گے۔پرانی پالیسی کےتحت انتظامی سیکرٹری پنجاب 1300سی سی گاڑی اور 200 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کر سکتے تھے۔
جب کہ گریڈ 19 اور20 کے سپیشل سیکرٹری اور ڈی آئی جی 1600سی سی گاڑی اور 250 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کریں گے جب کہ پرانی پالیسی کے تحت یہ افسران 1000 سے 1300سی سی گاڑی اور 175لیٹر پیٹرول ہرماہ استعمال کر سکتے تھے۔
حکومت پنجاب نے غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں اور کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کردی
علاوہ ازیں گریڈ 19کے ایڈیشنل سیکرٹری 1600 سی سی گاڑی اور 200 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کریں گے،پرانی پالیسی کے تحت یہ افسران 175 لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کرسکتے تھے۔گریڈ 18 میں ڈپٹی سیکرٹری1500 سی سی گاڑی کے لیے 175لیٹر پیٹرول استعمال کریں گے، پرانی پالیسی کے تحت ڈپٹی سیکرٹری 1000 سی سی گاڑی اور 150 لیٹر تک پٹرول ہر ماہ استعمال کر سکتے تھے۔چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کے سٹاف افسر اور سیکشن افسر 1300گاڑی اور 150لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کریں گے۔
نوٹیفکیشن کےمطابق پنجاب میں وزراء کے سٹاف آفیسر 1300سی سی گاڑی اور 125لیٹر پیٹرول ہر ماہ استعمال کریں گے۔
