پنجاب حکومت نے بسنت کا تہوار منانے کی باضابطہ اجازت دیدی

پنجاب حکومت نے بسنت کا تہوار منانے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بسنت 6، 7 اور 8 فروری کو منائی جائے گی، جبکہ ان تینوں دنوں کے دوران قواعد و ضوابط کی کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پتنگوں اور ڈور کے لیے خصوصی کیو آر کوڈ بھی جاری کیے جائیں گے تاکہ نگرانی کا مؤثر نظام برقرار رکھا جا سکے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بسنت کے موقع پر فائرنگ، ہنگامہ آرائی یا کسی بھی قسم کی ہلڑ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس سے قبل گورنر پنجاب سلیم حیدر کے دستخطوں سے بسنت منانے کی مشروط اجازت کا آرڈیننس جاری ہوا تھا، جس میں تہوار کے لیے واضح شرائط اور خلاف ورزی کی صورت میں سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق 2001 میں لگنے والی پتنگ بازی کی پابندی 25 سال بعد ختم کی گئی ہے، تاہم 18 سال سے کم عمر افراد پتنگ بازی نہیں کر سکیں گے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں والدین یا سرپرست ذمہ دار ہوں گے۔

مزید کہا گیا ہے کہ صرف دھاگے سے بنی ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی، جبکہ دھاتی، تیز دھار یا خطرناک مانجھا استعمال کرنے پر 3 سے 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں موٹر سائیکلیں بھی مخصوص حفاظتی تدابیر کے تحت چلائی جائیں گی۔

Back to top button