حکومت پنجاب نے غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں اور کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کردی

محکمہ داخلہ پنجاب نے 89 غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں اور کالعدم تنظیموں کی فہرست جاری کردی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیموں سے معاونت کرنا جرم ہے،عوام کالعدم اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کو زکوٰۃ،خیرات اور عطیات نہ دیں۔
محکمہ داخلہ کےمطابق ریاست مخالف کالعدم تنظیموں کی امداد کرنےوالے قانون کے شکنجے میں آئیں گے،پنجاب میں خیراتی اداروں کےلیے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے لہٰذا شہری زکوٰۃ،خیرات اور عطیات صرف چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تمام رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعےکی جاسکتی ہے۔ شہری اس امر کو یقینی بنائیں کہ ان کی امداد دہشت گردوں کے بجائے مستحق افراد تک پہنچ رہی ہے۔
ترجمان کےمطابق کالعدم تنظیموں میں لشکر جھنگوی، جیش محمد، سپاہ محمد پاکستان، سپاہ صحابہ پاکستان، لشکر طیبہ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن، جماعت الدعوۃ، تحریک جعفریہ پاکستان، تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ، داعش، بلوچستان لبریشن آرمی، جماعت الاحرار، تحریک لبیک پاکستان سمیت دیگر تنظیمیں شامل ہیں۔ مکمل فہرست محکمہ داخلہ پنجاب اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عوام کسی بھی کالعدم تنظیم کی جانب سے چندہ جمع کرنے کی اطلاع ٹال فری نمبر 0800-11111 یا ہیلپ لائن 042-99213871 پر دیں، جب کہ رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق کےلیے پنجاب چیریٹی کمیشن کے واٹس ایپ نمبر 0313-4995564 پر 24 گھنٹے پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔
