پنجاب کےوزرااورارکان اسمبلی کا2ماہ کی تنخواہ کفایت فنڈ میں دینےکافیصلہ

خطے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں کفایت شعاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، صوبابی کابینہ کے وزرا اور ارکان اسمبلی اپنی 2 ماہ کی تنخواہیں کفایت فنڈز میں دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا پہلا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ حالات کے پیش نظر صوبے میں کفایت شعاری مہم کے باقاعدہ آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزرا، ارکان اسمبلی اور سرکاری افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جس کا مقصد سفری اخراجات میں کمی اور حکومتی وسائل کی بچت قرار دیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت خود کفایت شعاری اپناتے ہوئے وسائل عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کفایت شعاری کا آغاز حکومتی سطح سے کیا جا رہا ہے۔
کفایت شعاری مہم کے تحت صوبائی کابینہ ارکان، معاونین خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز اپنی دو ماہ کی تنخواہیں وزیراعظم کفایت فنڈ میں جمع کرائیں گے، جبکہ پنجاب اسمبلی کے ارکان رضاکارانہ طور پر دو ماہ کی تنخواہ اور الاؤنسز کا 25 فیصد فنڈ میں دیں گے۔ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران بھی دو دن کی بنیادی تنخواہ کفایت فنڈ میں جمع کرائیں گے۔
اجلاس میں رمضان نگہبان پروگرام کی کامیاب تکمیل پر اظہار تشکر کیا گیا اور ضلعی انتظامیہ، پولیس، پنجاب بینک اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
کابینہ نے ایران اسرائیل جنگ کے تناظر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران بروقت انتظامات اور مظاہرین کو افطاری فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
کابینہ نے متعدد ترقیاتی اور انتظامی منصوبوں کی منظوری دی جن میں پنجاب بھر میں الیکٹرک بس اسٹاپ شیلٹرز کی تعمیر، اعلیٰ عدلیہ کیلئے 10 سرکاری گاڑیوں کی خریداری، قصور میں میاں نواز شریف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کیلئے اراضی کی فراہمی اور سرگودھا میں قائداعظم انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے چارٹر کی منظوری شامل ہے۔
