وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں اصلاحات متعارف کرا دی گئیں

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں اصلاحات متعارف کرا دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جس کے تحت تین نئے سسٹم بیسڈ فارمزجاری کیے گئے ہیں جو لاہور سمیت پورے پنجاب کے تمام تھانوں میں نافذ العمل ہوں گے۔
حکام کے مطابق پولیس ٹیم کو ریڈ پر جانے سے قبل اجازت نامہ فارم مکمل کرنا لازمی ہوگا، جس میں مقدمہ نمبر، نامزد ملزم کی تفصیلات اور زیر استعمال سرکاری گاڑی کے کوائف درج کر کے دستخط کرنا ضروری ہوگا۔
پنجاب حکومت کا میت منتقلی سروس شروع کرنے کا فیصلہ
گرفتاری فارم میں ملزم کی صحت سے متعلق معلومات، کسی بیماری کی تفصیل، جسم پر تشدد کے نشانات اور ادویات کی فراہمی کا مکمل ریکارڈ شامل ہوگا۔
تیسرے فارم میں جائے وقوعہ کی تفصیل، تفتیشی افسر کا نام، حاصل شدہ شواہد اور ملزم سے کیے گئے سوالات تحریری طور پر محفوظ کیے جائیں گے۔
حکام نے بتایا کہ یہ سسٹم بیسڈ فارمز پولیس حراست میں تشدد اور ملزمان کی ہلاکتوں کو روکنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، اور پولیس چھاپوں کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزیوں میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔
