قاسم اور سلیمان کو عمران خان سے فون پر بھی بات کرنے کی اجازت نہیں : جمائما

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا کہنا ہے کہ میرے بچوں ( قاسم اور سلیمان ) کو ان کے والد عمران خان سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ سیاست نہیں ہے،یہ ذاتی انتقام ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا کہنا تھا کہ میرے بچوں ( قاسم اور سلیمان ) کو ان کے والد سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ عمران خان تقریباً دو سال سے جیل میں قید تنہائی کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے اب یہ مؤقف اختیار کیا ہےکہ اگر عمران خان کے بیٹے اُن سے ملنے کی کوشش کرتے ہیں تو اُنہیں بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائےگا۔
جمائمہ نے کہا کہ ایسا کسی جمہوریت یا فعال ریاست میں نہیں ہوتا۔ یہ سیاست نہیں ہے،یہ ذاتی انتقام ہے۔
صدر کے استعفیٰ اور آرمی چیف کے صدارتی منصب سنبھالنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، محسن نقوی
یاد رہے کہ وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ اگر عمران خان کے بیٹوں نے پاکستان آ کر پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک میں حصہ لیا تو وہ گرفتار ہوں گے اور پھر برطانیہ کی ایمبیسی ہی انہیں بازیاب کرائے گی۔
خیال رہے کہ عمران خان نے ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے، ان کا کہنا ہےکہ اب مذاکرات کا وقت گزرچکا ہے جب کہ علیمہ خان کا کہنا ہےکہ عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں گے۔
