قطری شہزادی شیخہ اسماءشعبہ سیاحت میں پاکستان کی برانڈایمبسیڈرمقرر

 وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسماء الثانی کو پاکستان میں پہاڑوں اور سیاحت کے شعبے کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ عزت مآب شہزادی شیخہ اسماء کو پاکستان کے پہاڑی اور سیاحتی شعبے کی نمائندگی سونپی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں نانگا پربت سر کرنے پر وہ شہزادی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ کارنامہ نہ صرف قابلِ فخر ہے بلکہ دیگر کوہ پیماؤں کے لیے ایک متاثر کن مثال بھی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق شہزادی شیخہ اسماء کی یہ کامیابی ہمت، حوصلے اور عزم کا پیغام دیتی ہے، اور پاکستان و قطر کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک دلکش علامت ہے۔

واضح رہے کہ شہزادی شیخہ اسماء نے حال ہی میں پاکستان کی بلند اور خطرناک پہاڑی چوٹی، نانگا پربت (8,126 میٹر) سر کی ہے، جس کے بعد وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی قطری خاتون بن گئی ہیں۔

انتہائی خراب موسم اور مشکل راستوں کے باوجود شیخہ اسماء نے "قاتل پہاڑ” کہلانے والی اس چوٹی پر قطر کا قومی پرچم لہرایا۔ یہ ان کی 14 بلند ترین چوٹیوں کی مہم کا نواں کامیاب مرحلہ تھا، جس سے وہ دنیا کے نمایاں کوہ پیماؤں کی صف میں شامل ہو گئی ہیں۔

شہزادی شیخہ اسماء کا عزم اور بلند حوصلہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک عالمی علامت ہے، اور ان کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف قطر کا فخر ہے بلکہ خواتین کی عالمی مہمات میں ایک نمایاں اضافہ بھی ہے۔

Back to top button