یوم القدس: اسلام آباد میں سکیورٹی سخت، راستے بند

اسلام آباد میں نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اور ٹریفک پولیس نے شہر کے کئی اہم داخلی راستے بند کر دیے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق، نماز جمعہ اور یوم القدس کے جلوسوں کی حفاظت کے لیے تقریباً 3500 افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے بتایا کہ فیصل مسجد سمیت تمام اہم مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کی گئی ہے اور خصوصی ناکہ جات قائم کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں پولیس کی مؤثر پٹرولنگ جاری ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفیک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 13 مارچ 2026 کو ریڈ زون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رہے گا، جبکہ دیگر داخلی راستے بند رہیں گے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں اور سیکیورٹی عملے کے تعاون کو یقینی بنائیں۔

Back to top button