راحت فتح علی خان کی ڈھاکہ میں پرفارمنس،مداح جھوم اٹھے
گلوکار راحت فتح علی خان نے ڈھاکہ میں اپنی آواز کاجادوجگادیا،شاندار پرفارمنس ،مداح جھوم اٹھے۔
استاد راحت فتح علی خان نےڈھاکہ کےآرمی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ میں شرکت کی اور اپنی مسحور کن آواز میں قوالی کے ساتھ بالی ووڈ کےکلاسیکل نغمے گا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔
راحت فتح علی خان سامعین کو دیر تک ’میرےرشک قمر،آفرین آفرین، تیرے مست مست دو نین، سانو اک پل چین نہ آوے،دل دیاں گلاں، تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی‘ جیسے ہٹ گانوں سے مسحور کرتےرہے۔
گلوکار کی شاندار پرفارمنس پر تالیاں اور ’ایک اور، ایک اور‘ کی آوازیں گونجتی رہیں۔
راحت فتح علی خان کی شاندار گائیکی نے ڈھاکہ کےآرمی گراؤنڈ میں آئے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔
پاکستانی گلوکار کی خوبصورت آواز نے سخت سردی میں بھی اپنے بنگلہ دیشی مداحوں کےدلوں کو گرما دیا۔بنگلہ دیشی بینڈز بشمول آرٹ سیل، چرکٹ اور سلسہ کےعلاوہ ریپرز سیزان اور حنان نے بھی کنسرٹ میں پرفارم کیا۔
واضح رہے’اسپرٹس آف جولائی‘ کےپلیٹ فارم کےزیراہتمام ہونے والے اس کنسرٹ کا مقصد رواں برس جولائی۔اگست میں ہونےوالےپرتشدد احتجاج میں شہید اور زخمی ہونےوالوں کے خاندانوں کی مدد کرناہے۔ایونٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی متاثرہ خاندانوں کیلئےکام کرنےوالی ایک فلاحی تنظیم ’جولائی اسمرتی فاؤنڈیشن‘ کو عطیہ کی جائے گی۔
راحت فتح علی خان کی جادوئی پرفارمنس نے ڈھاکہ کےموسیقی کے منظرنامے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کے ہردلعزیز فنکاروں میں سے ایک ہیں۔۔
بنگلہ دیشی شائقین یقیناً سروں میں لپٹی اس رات کو راگ اور جذبات کے جشن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔